گوہاٹی،18؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) آسام کی پولس نے ریاست کے وزیرکی شبیہ خراب کرنے کے الزام میں ایک مقامی نیوز پورٹل کےچیف ایڈیٹراور نیوزایڈیٹرکوگرفتار کرلیا ہے۔ نیوز پورٹل 'پرتی بیمب لائیو' نے وزیراور ان کی نابالغ بیٹی کی تصویر شائع کی تھی جس کی وجہ سے وزیر کے خاندان کی شبیہ متاثرہوئی۔
ایڈیشنل پولس ڈائریکٹر جنرل (لاء اینڈ آرڈر) جی پی سنگھ نے بدھ کے روز کہا کہ 'پرتی بیمب لائیو' کے چیف ایڈیٹر توفیق الدین احمد اور نیوز ایڈیٹر اقبال کو آسام حکومت کے ایک نامور وزیر کے بارے میں قابل اعتراض خبر پھیلانے اور ان کے خاندانی تعلقات خراب کرنے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف پوکسو سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ "لوگوں کو سختی سے ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اس طرح کی تصاویر کو بدنیتی کے ساتھ پوسٹ نہ کریں۔ ایسا کرنے سے ان کے خلاف پوکسو ایکٹ کی سخت دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ خبر کے مطابق نیوز پورٹل نے ویڈیو میں تصحیح کرکے شائع کر دی ہے۔ پوکسو کی دفعات کی وجہ سے ایڈیٹر وں کےلئے پریشانیاں بڑھ سکتی ہیں۔